پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی سرحدی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے قریب ایک بہادر شہری نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی اور پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم، لیاقت نامی شہری نے ایک مشتبہ شخص کو کھیتوں کے راستے حساس علاقے کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا۔ لیاقت نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے روکا اور اس کی شناخت پوچھی۔
شناخت پوچھے جانے پر وہ مشتبہ شخص، جو کہ ایک خارجی خودکش حملہ آور تھا، بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس خودکش دھماکے کے نتیجے میں بہادر شہری لیاقت موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خارجی دہشت گرد کا اصل ہدف بین الصوبائی سرحد پر واقع ایک حساس چیک پوسٹ تھی، جہاں وہ بڑے جانی نقصان کا منصوبہ بنا کر جا رہا تھا، تاہم شہید لیاقت کی بروقت کارروائی اور ہمت نے علاقے کو ایک بڑی تباہی سے محفوظ کر لیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ پوری قوم شہید لیاقت کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔
