افغانستان کو بھارت کی سرپرستی میں پراکسی وار مہنگی پڑے گی، معرکہ حق جیسا جواب دیں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف کی سخت وارننگ

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بنوں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغانستان کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اس افسوسناک واقعے کا حساب لینے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کر سکتا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں یہ پراکسی وار افغانستان کے ذریعے لڑی جا رہی ہے، اور انسانی تاریخ میں افغانستان جیسی احسان فراموشی اور ضمیر فروشی کی مثال نہیں ملتی۔

خواجہ آصف نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے "معرکہ حق” میں جو حشر بھارت کا کیا تھا، وہی اب افغانستان کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے نتیجے میں بہنے والے پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا اور جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ریاست چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیر دفاع نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ کر کے ہمدردی کا اظہار کیا تھا، کیونکہ یہ کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جنگ ہے جس میں پوری قوم اور ادارے متحد ہیں۔

Exit mobile version