ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور ڈی سی جہلم کے ہمراہ "جشنِ معرکہ حق” میں شرکت، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

جہلم (محمد زاہد خورشید) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے ہمراہ "جشنِ معرکہ حق” (بنیان المرصوص) کی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او نے تقریب کے سیکیورٹی اور انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا تاکہ شرکاء کو ایک پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اور بہترین نظم و ضبط کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

تقریب کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور ایلیٹ فورس کے چاق و چوبند دستے الرٹ رہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی کا عمل جاری رہا، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی۔ ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ معرکہ حق ہماری قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین مظہر ہے اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

Exit mobile version