مئی 2027ء تک پی پی 34 کا کوئی گاؤں کارپٹ روڈ سے محروم نہیں رہے گا، چوہدری اعجاز احمد رنیاں

ڈنگہ (سٹاف رپورٹر) ایم پی اے‘ راہنما مسلم لیگ ق چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے مٹوانوالہ تا پیر جنڈ کارپٹ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے جس طرح ہماری عزت کی اور جس ولولہ سے ہمارا استقبال کیا اس پر میں اور میرے تمام احباب آپ کے مشکور ہیں۔ آج اس جلسہ سے خطاب سے قبل میں نماز پڑھ کر آیا ہوں اور تا حال وضو میں ہوں۔ میں خدا کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ مجھے ایم پی اے بنے دو سال سے کچھ ماہ زائد کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن مجھے کبھی اقتدار کا نشہ نہیں ہوا۔ میں فجر کی ہر نماز کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتا ہوں کہ اے رب کریم مجھے کبھی غرور نہ دینا بلکہ مجھے انکسار کی دولت عطاء کرنا تا کہ میں لوگوں کی خدمت دل سے کر سکوں۔ میں آپ کو بتاتا ہوں میں نے سیاست اس لئے نہیں کہ تھی کہ میں دولت اکٹھی کروں بڑے کاروبار بناؤں یا فیکٹریاں اور ملیں لگاؤں بلکہ میرا خواب تھا کہ میں اپنی برادری اور گردونواح کے دیہات کے معزز لوگوں کو جب ایم پی ایز کے ڈیروں پر سوالی بنے دیکھتا تھا تو میرا دل دکھتا تھا۔ آج آپ جب چاہیں پورے اعتماد سے آ کر مجھ سے کھل کر اپنا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ مٹوانوالہ کے لوگوں نے ہمیشہ میرے ساتھ محبت کی ہے۔

مگر میں کہنا چاہتا ہوں کہ جن لوگوں نے مجھے ووٹ نہیں دیئے اور آئندہ بھی نہیں دینا چاہتے ان سے درخواست ہے کہ آپ کا دل جس کو چاہے ووٹ دیں یہ آپ کا آئینی حق ہے لیکن اپنے مطالبات کے لئے پورے اعتماد سے میرے پاس آئیں۔ میں آپ کا کام ترجیحی بنیاد پر کروں گا۔ چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے کہا کہ آج مئی 2026ء ہے میں آپ سب بزرگوں اور جوانوں کے سامنے وعدہ کرتا ہوں کہ مئی 2027ء تک پی پی 34 میں کوئی گاؤں ایسا نہیں رہے گا جس تک کارپٹ روڈ نہ جاتی ہو۔ چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے کہا کہ وزیر اعلیج‘ چیف سیکرٹری سے لے کر تمام صوبائی وزراء اور آفیسران ہماری بے حد عزت کرتے اور ہمارے تمام کام کرواتے ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ ان دو سالوں میں جتنے ترقیاتی فنڈز مجھے پی پی 34 کے لئے ملے گوجرانوالہ ڈویژن کے کسی ایم پی اے کو نہیں ملے۔ چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے مزید کہا کہ مٹوانوالہ تا پیر جنڈ روڈ 20 جون تک مکمل ہو جائے گی۔ جہاں جہاں پلیاں ضروری ہوں وہاں پلیاں بنیں گی اور قریباً 12 دیہات کے لوگوں کو یہ سہولت ملے گی۔ چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے کہا کہ دھپ سڑی ڈاک بنگلہ کی جگہ گرلز ڈگری کالج اور پوڑانوالہ ڈاک بنگلہ کی جگہ گورنمنٹ تحصیل لیول سول ہسپتال بنے گا۔ اس کا پروسیس شروع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو جو کام مٹوانوالہ کے رہ گئے ہیں وہ بھی ضرور پورے ہوں گے۔ میں آپ سب کی محبتوں کا مقروض ہوں یہ قرض ضرور اتاروں گا۔

Exit mobile version