آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان سمیت وفاقی وزراء اور غیر ملکی سفراء نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا، جس کے بعد مسلح افواج کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں 10 مئی کو ہر سال "یومِ معرکہ حق” کے طور پر منانے کا سرکاری اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں ہم پر جنگ مسلط کی لیکن ہمارے شاہینوں نے ایسا تاریخی جواب دیا کہ دشمن جنگ بندی کی درخواست کرنے پر مجبور ہو گیا۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 24 کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ انہوں نے چین، سعودی عرب، ترکیہ اور ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے نتیجے میں ایران کا جواب موصول ہو گیا ہے، جو خطے میں امن کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے خلاف ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ہمیشہ فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کی آواز بنا رہے گا۔





