جولائی 17, 2026

معرکہ حق ‘بنیان مرصوص’ کا ایک سال مکمل: اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کی قیادت میں کھاریاں میں عظیم الشان یکجہتی ریلی

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) تحصیل انتظامیہ کھاریاں کے زیرِ اہتمام ‘معرکہ حق بنیان مرصوص’ کی پہلی سالگرہ پر پاک فوج کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب اور عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی میں سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ پورا شہر "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھا۔ طلباء و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ مختلف انداز میں افواجِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر ثابت کر دیا کہ وہ سرحدوں کی محافظ اور دفاعی صلاحیت میں بے مثال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی یہ ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اور افواج کا رشتہ اٹوٹ ہے اور پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔