کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے پولیس لائنز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایلیٹ پولیس فورس کے دفتر، جوانوں کی رہائشی بیرکس اور میس کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او نے جوانوں کو فراہم کی جانے والی رہائشی سہولیات اور کھانے پینے کے معیار کا خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے روایتی افسر شاہی کے برعکس میس میں جوانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور ان سے درپیش مسائل و تجاویز بھی سنیں۔

ڈی پی او گجرات اختر فاروق کا کہنا تھا کہ پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، کیونکہ بہتر ماحول ہی جوانوں کو مزید جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جوانوں کے مسائل کے حل اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔





