جولائی 17, 2026

ٹوبہ ٹیک سنگھ: ایم پی اے ایوب گادھی پر قاتلانہ حملہ، فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق، رکن اسمبلی کی حالت تشویشناک

ٹوبہ ٹیک سنگھ (بیورو رپورٹ) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نامعلوم افراد نے رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایم پی اے شدید زخمی جبکہ ان کے چار ساتھی جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے اس ہولناک واقعے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ایوب گادھی کو لگنے والے زخم گہرے ہیں اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جہاں ڈاکٹرز ان کی زندگی بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ندیم، خالق داد بلوچ، ضیغم اور حق نواز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاحال حملے کے محرکات واضح نہیں ہو سکے ہیں، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔