اتفاق پریس کلب کھاریاں کا ماہانہ اجلاس: نئی تقرریوں کی منظوری اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کا فیصلہ

سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا) اتفاق پریس کلب کھاریاں کا ماہانہ اجلاس سرپرستِ اعلیٰ پیر عبدالقیوم چشتی گولڈوی کی سرپرستی میں مرکزی دفتر گلیانہ روڈ پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر بہلول مرتضیٰ نے کی جبکہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری خان بختیار گل شہزاد نے انجام دیے۔ اجلاس میں تنظیم سازی اور ڈسپلن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جس میں غیر حاضر ممبران کو واجبات کی ادائیگی کی ہدایت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ کلب کو اعتماد میں لیے بغیر کی جانے والی صحافتی سرگرمیوں کی ذمہ داری ادارے پر نہیں ہوگی۔ تاہم، حقائق پر مبنی صحافت کرنے والے اراکین کے ساتھ بھرپور تعاون کا عزم دہرایا گیا۔

اس موقع پر تنظیم میں نئی تقرریوں کا اعلان بھی کیا گیا، جس کے تحت سینئر صحافی اصغر علی کو سینئر وائس چیئرمین مجلسِ عاملہ اور وجاہت گل کو وائس چیئرمین شکایات سیل منتخب کیا گیا۔ تمام شرکاء نے ان تقرریوں کی متفقہ منظوری دیتے ہوئے نئے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس کے اختتام پر سید سجاد بخاری نے ملکی سلامتی اور ادارے کی ترقی کے لیے دعا کرائی، جس کے بعد شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔

Exit mobile version