ملک کی امن و سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دشمن کو عبرتناک شکست دی: وزیراعلیٰ مریم نواز

واہگہ بارڈر پر ‘معرکہ حق’ کا ایک سال مکمل ہونے کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر رینجرز کے چاق و چوبند دستوں، جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں، نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور 10 مئی کو قوم اور افواج نے مل کر دشمن کو ایسی شکست دی جو تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے پر نواز شریف اور موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عوامی امانت کی بھرپور حفاظت کی اور ان کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی کہ پاکستان نے اپنی بصیرت سے ممکنہ ‘تیسری عالمی جنگ’ کا راستہ روکا، جس کی تعریف آج پوری دنیا کر رہی ہے۔ مریم نواز نے شہداء کی ماؤں اور سرحدوں پر پہرہ دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

Exit mobile version