’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا ایک سال مکمل: صدر زرداری اور وزیراعظم کی تقریب میں شرکت، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والے سپوتوں کو خراجِ تحسین

پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ’آپریشن بنیان مرصوص‘ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک باوقار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفیروں اور شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔

صدرِ مملکت کا خطاب: تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے 10 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا "سنہری باب” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال جنگ مسلط کی اور ہماری سول آبادی سمیت عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا۔ تاہم، پاک فوج اور پاک فضائیہ نے دشمن کی اس جارحیت کا وہ منہ توڑ جواب دیا جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے فخر سے بتایا کہ ہماری فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 8 طیارے مار گرائے اور ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

علاقائی و عالمی موقف: صدر زرداری نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ غاصبانہ ہے اور پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت کا اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں ہونے والی بھارتی دہشت گردی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس سازش کو اب ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے مسلح افواج کے بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

Exit mobile version