آبنائے ہرمز میں ایرانی ‘ڈولفنز’ کا راج: مقامی طور پر تیار کردہ جدید آبدوزیں تعینات، دشمن کو تباہ کرنے کا انتباہ

ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ جدید، ہلکی اور چھوٹی آبدوزیں آبنائے ہرمز کے دفاع کے لیے تعینات کر دی ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ان آبدوزوں کو جدید ترین خطرات اور آپریشنل ضروریات کے مطابق تیار کیا گیا ہے جو اس وقت مکمل الرٹ پوزیشن میں ہیں۔ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے واضح کیا کہ یہ سمندری دفاعی نظام کسی بھی دشمن کی دراندازی کو روکنے اور اسے فوری طور پر تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ان آبدوزوں کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ طویل عرصے تک سمندر کی تہہ میں مکمل خاموشی کے ساتھ موجود رہ کر دشمن کی نقل و حرکت کی نگرانی کر سکتی ہیں۔ ایرانی بحری افسران ان آبدوزوں کو ‘خلیج فارس کی ڈولفنز’ کے نام سے پکارتے ہیں، جو اب ایرانی بحری طاقت کا ایک اہم ستون بن چکی ہیں۔ حال ہی میں ایک خصوصی آپریشن، جو ایرانی جنگی جہاز کے شہداء کے نام سے منسوب تھا، کے دوران ان آبدوزوں نے اپنی دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کے لیے سطحِ آب پر آ کر موجودگی درج کروائی، جس کے بعد وہ دوبارہ سمندر کی گہرائیوں میں اپنی خفیہ کارروائیوں کے لیے واپس چلی گئیں۔ اس اقدام کو خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی بحری بالادستی اور دفاعی خود کفالت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Exit mobile version