ایران کا فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کا دو ٹوک اعلان: "دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کھیلنے سے نہیں روک سکتی”

ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے اگلے ماہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں ایران کی شرکت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی ٹیم نے اپنی قابلیت کی بنیاد پر میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور کوئی بھی طاقت ایران کو اس حق سے محروم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران اپنے عقائد، ثقافت اور تہذیب پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر ایونٹ کا حصہ بنے گا۔

مہدی تاج نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے چند سخت شرائط بھی پیش کی ہیں، جن میں ایرانی ٹیم اور آفیشلز کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور ویزوں کے اجراء میں کسی بھی قسم کے تعصب سے پاک رویہ شامل ہے۔ انہوں نے خاص طور پر امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہوٹل، ایئرپورٹ اور اسٹیڈیم میں خصوصی سکیورٹی فراہم کی جائے۔ مزید برآں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹیڈیم میں صرف اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری جھنڈے کی اجازت ہونی چاہیے اور کسی بھی دوسرے جھنڈے پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ میچ سے قبل ایران کا قومی ترانہ بلا تعطل چلایا جائے گا اور رپورٹرز کو صرف فٹبال سے متعلق سوالات کرنے کی اجازت ہوگی۔

یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کا آغاز اگلے ماہ ہو رہا ہے اور ایرانی ٹیم اپنا پہلا میچ 15 جون کو امریکی ریاست لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

Exit mobile version