اکتوبر 29, 2026

جامعہ کراچی میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے گرلز ہاسٹل کا افتتاح، 39 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے منصوبہ مکمل

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے جمعرات کے روز 39 کروڑ 20 لاکھ روپے کی خطیر لاگت سے تیار ہونے والے جدید گرلز ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی جیسی بڑی درسگاہ میں، جہاں ملک بھر سے طالبات تعلیم کے حصول کے لیے آتی ہیں، جدید رہائشی سہولیات کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، اور یہ نیا ہاسٹل طالبات کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے ہاسٹل کی بروقت تکمیل کو مثالی ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پرانے گرلز ہاسٹل کو ‘ری ہیبلی ٹیشن سینٹر’ میں تبدیل کرنے کے لیے پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے، جس پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سعید احمد شیخ نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی کے تعاون سے تعمیر ہونے والا یہ گراؤنڈ پلس تھری ہاسٹل 36 ہزار 500 مربع فٹ کورڈ ایریا پر محیط ہے، جس میں 67 کمرے موجود ہیں اور ہر کمرے میں تین طالبات کے قیام کی گنجائش ہے، یوں اس ہاسٹل میں مجموعی طور پر 200 سے زائد طالبات رہائش اختیار کر سکیں گی۔

جدید سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے سعید احمد شیخ نے بتایا کہ ہاسٹل کو تمام ضروری فرنیچر، وارڈن آفس، کامن روم، ڈائننگ ہال اور والدین کے لیے ویٹنگ روم سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، طالبات کے تحفظ اور سہولت کے لیے جدید سی سی ٹی وی کیمرے، فائر سیفٹی سسٹم، کامن واشنگ ایریا اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ و علیحدہ واش رومز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید، پرووسٹ ڈاکٹر سعدیہ محمود اور طحہٰ تھانوی نے بھی خطاب کیا اور اس منصوبے کو جامعہ کراچی کے ترقیاتی سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا، جو طالبات کو محفوظ اور تعلیمی لحاظ سے سازگار ماحول فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔