اکتوبر 29, 2026

بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت اور فنڈنگ کر رہا ہے: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فرانسیسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کے حوالے سے سخت موقف اپنایا ہے اور انکشاف کیا ہے کہ بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت اور فنڈنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تناؤ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، جو کسی بھی وقت ایک بڑے تنازع کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا نہیں بلکہ بھارت کا بھی مسئلہ ہے، اس لیے دونوں ممالک کو پائیدار امن کے حصول کے لیے سنجیدہ بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

بین الاقوامی تنازعات پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کے مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں ہے، اور اگر ایران و امریکہ کے درمیان تنازع دوبارہ شروع ہوا تو اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری عالمی برادری کو اس کے بھیانک نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ اس حساس علاقے میں کسی بھی قسم کی مہم جوئی عالمی معیشت اور امن کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی۔