کھاریاں میں انسدادِ گداگری پر آگاہی سیمینار: بھکاری گروہوں کی حوصلہ شکنی اور باعزت روزگار کے فروغ کا عزم

کھاریاں( قاری نصیر احمد کلیار) سوشل ویلفیئر کمیونٹی ڈویلپمنٹ تحصیل کھاریاں اور سٹیزن سوسائٹی کھاریاں کے باہمی تعاون سے سٹیزن سوسائٹی اکیڈمی میں "انسدادِ گداگری” کے موضوع پر ایک پروقار آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر تحصیل کھاریاں، محترمہ ثمن اعجاز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شرکاء کو حکومتِ پنجاب کی جانب سے گداگری کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سٹیزن سوسائٹی کھاریاں کے اس اقدام کی بھرپور تعریف کی جس کے تحت ضرورت مندوں کو رکشے فراہم کر کے انہیں بھیک مانگنے کے بجائے باعزت روزگار سے وابستہ کیا گیا، اور ان افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا جو اب محنت کر کے رزقِ حلال کما رہے ہیں۔

سیمینار کے دوران شرکاء کو بھکاری گروہوں کی نشاندہی کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کی ہیلپ لائنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جبکہ گداگری کے مستقل خاتمے کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر، چائلڈ پروٹیکشن بیورو، ضلعی و تحصیل انتظامیہ، پیرا فورسز، پنجاب پولیس اور محکمہ لیبر جیسے تمام کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے مشترکہ کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے یہ پختہ عہد کیا کہ وہ اپنے زکوٰۃ و صدقات صرف حقیقی مستحقین یا رجسٹرڈ فلاحی تنظیموں کو دیں گے تاکہ پیشہ ور بھکاری گروہوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

Exit mobile version