جولائی 17, 2026

کوٹلہ ارب علی خان میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ: پیرا فورس کو ‘گرین سگنل’ جاری، آخری وارننگ دے دی گئی

کھاریاں( قاری نصیر احمد کلیار) کوٹلہ ارب علی خان کی خوبصورتی کی بحالی اور ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ انتظامی افسران طلحہ اور رائے سہیل نے کوٹلہ مین روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سڑک کے دونوں اطراف موجود تمام ناجائز تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ دورے کے دوران حکام نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر قائم ریڑیاں، تھڑے اور دکانوں کے باہر رکھا گیا سامان عوامی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے، جس کے حل کے لیے پیرا فورس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر گرینڈ آپریشن سرانجام دے۔

انتظامیہ کی جانب سے دکانداروں اور ریڑی بانوں کو آخری انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام دکاندار اپنی حدود سے باہر نکلا ہوا سامان فوری طور پر اندر منتقل کر لیں اور ریڑی بان مین روڈ خالی کر کے مختص کردہ جگہوں پر چلے جائیں۔ حکام نے دو ٹوک موقف اپنایا ہے کہ آخری مہلت ختم ہوتے ہی پیرا فورس تجاوزات کو مسمار کر دے گی اور مزاحمت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کا مقصد کوٹلہ مین روڈ کو ایک ‘ماڈل روڈ’ بنانا ہے تاکہ ٹریفک کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں۔ شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے شہر کا نقشہ بدلے گا اور پیدل چلنے والوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو محفوظ راستہ میسر آئے گا، جبکہ حکام نے اعادہ کیا ہے کہ قانون کی بالادستی ہر صورت قائم کی جائے گی اور تجاوزات کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔