کھاریاں ٹریفک پولیس کے سیکٹر انچارج سب انسپکٹر عزت رسول نے بیورو چیف سٹی 53 نیوز کھاریاں قاری نصیر احمد کلیار سے خصوصی ملاقات کی، جس میں انہوں نے شہر میں ٹریفک کی صورتحال اور عوامی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ سب انسپکٹر عزت رسول کا کہنا تھا کہ کھاریاں ٹریفک پولیس کی بہترین کارکردگی اور دفتر آنے والے شہریوں کو باعزت طریقے سے سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھاریاں شہر میں تعینات ٹریفک وارڈنز پڑھے لکھے اور انتہائی بااخلاق نوجوان ہیں، جو ڈی پی او گجرات اور ڈی ایس پی ٹریفک کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک آفس میں آنے والا ہر شہری ہمارے لیے نہایت معزز ہے، چاہے کسی کا لرنر ڈرائیونگ لائسنس کا مسئلہ ہو یا ٹریفک سے متعلق دیگر امور، تمام عمل کو انتہائی صاف، شفاف اور باعزت طریقے سے مکمل کیا جاتا ہے۔ سب انسپکٹر عزت رسول کے مطابق، ان کا مقصد شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے تاکہ لوگ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے مسائل حل کروا سکیں۔ اس ملاقات کے دوران ٹریفک پولیس کے مثبت امیج اور عوامی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔





