جولائی 17, 2026

سجادہ نشین بھکھی شریف پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی کی گولڑہ شریف حاضری، سجادگان سے تعزیت اور جامعہ اسلام آباد کا دورہ

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار) سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف اور سربراہ جماعت جلالیہ پاکستان، حافظ الحدیث حضرت مفتی ڈاکٹر پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی نے درگاہ عالیہ غوثیہ گولڑہ شریف تشریف لا کر تاجدارِ گولڑہ حضرت پیر سید مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے مزارِ اقدس پر فاتحہ خوانی کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے درگاہ عالیہ کے سجادگان حضرت پیر سید معین الحق شاہ گیلانی، حضرت پیر سید قطب الحق شاہ گیلانی اور حضرت پیر سید محمد شمس الدین شاہ گیلانی سے ملاقات کی۔ پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی نے سجادگانِ گولڑہ شریف سے ان کی والدہ محترمہ کے وصال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کے بلندیٔ درجات و لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا فرمائی۔ اس موقع پر سجادہ نشین شرقپور شریف حضرت میاں محمد ابوبکر نقشبندی مجددی، صاحبزادہ میاں عزیز الدین شرقپوری، حضرت صمصام علی بخاری شاہ اور وفاقی وزیر سید عمران ولی شاہ بھی موجود تھے۔

درگاہ عالیہ پر حاضری کے بعد مرشدِ گرامی حضرت میاں محمد ابوبکر نقشبندی مجددی اور صاحبزادہ میاں عزیز الدین شرقپوری کی معیت میں مرکزِ اہلِ سنت جامعہ اسلام آباد تشریف لائے، جہاں اساتذہ اور طلباء نے معزز مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ اس دورے کے دوران معزز مہمانوں کو اسلام آباد انٹرنیشنل یونیورسٹی پاکستان (IIUP) کے سب کیمپس آئی ایٹ فور کا تفصیلی معائنہ کروایا گیا، جہاں انہوں نے کلاس رومز اور مختلف شعبہ جات دیکھ کر اس عظیم تعلیمی منصوبے پر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔ آخر میں پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی اور میاں محمد ابوبکر صاحب نے جامعہ اور یونیورسٹی پروجیکٹ کی کامیابی و ترقی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر سید محمد ذوالنورین شاہ نقوی، پرنسپل جامعہ اسلام آباد ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی، صاحبزادہ محمد جواد الحسن جلالی، صاحبزادہ محمد سعد اللہ جلالی اور ڈاکٹر محمد اسلم جلالی سمیت دیگر اکابرین بھی ہمراہ تھے۔