جولائی 17, 2026

منڈی بہاءالدین: ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا گجرات روڈ پر سیوریج اسکیم کا معائنہ، کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر منڈی بہاءالدین عدیل حیدر نے گجرات روڈ پر پھالیہ بڈھی سیم سے مین روڈ پھالیہ سیم تک جاری زیر تعمیر سیوریج اسکیم کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور شفافیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے جاری سرگرمیوں اور استعمال ہونے والے میٹریل کو بھی چیک کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اسکیم کی تکمیل سے علاقے میں نکاسی آب کا نظام بہتر ہوگا اور شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ سیوریج جیسے منصوبے صحت عامہ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور کام کی رفتار تیز کریں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو کر عوام کے لیے مؤثر سہولت بن سکے۔