جون 1, 2026

گجرات میں دہشت گردوں کی فائرنگ: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کا کانسٹیبل فیاض حسین شہید

گجرات میں فرض کی راہ میں ایک اور جوان نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب کے ترجمان کے مطابق، گجرات میں خطرناک ملزمان کی ریکی کے دوران کانسٹیبل فیاض حسین پر بزدلانہ فائرنگ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے سی سی ڈی کے اہلکار فیاض حسین کو دیکھتے ہی ان پر اندھا دھند گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔

ترجمان سی سی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ اور ہسپتال پہنچ گئی، جبکہ شہید کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ سی سی ڈی کی ٹیمیں فائرنگ میں ملوث خطرناک ملزمان کا تعاقب کر رہی ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔