آپریشن "بنیان المرصوص” یعنی معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف پروجیکٹس ائیر وائس مارشل طارق غازی نے انکشاف کیا ہے کہ پاک فضائیہ نے اس آپریشن کے دوران بھارتی فضائیہ کے 8 طیارے مار گرائے ہیں اور اب ہم دشمن کے مقابلے میں 8 صفر کے اسکور پر ہیں۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت کے تباہ شدہ جہازوں میں 4 جدید ترین رافیل، ایس یو 30، مگ 29 اور میراج 2000 شامل ہیں، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک انتہائی مہنگا کثیرالجہتی خود کار ائیرل سسٹم بھی تباہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف آپریشنز کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران بھارتی بحریہ نے کئی بار اپنا بحری بیڑہ تعینات کرنے کی کوشش کی لیکن پاک بحریہ کی الرٹ پوزیشن کی وجہ سے ہماری تمام بندرگاہیں فعال اور ساحلی تنصیبات مکمل طور پر محفوظ رہیں، انہوں نے واضح کیا کہ ہماری امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے شہداء کے جذبوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جتنا دشمن زندگی سے پیار کرتا ہے، ہمیں اس سے کہیں زیادہ شہادت سے پیار ہے کیونکہ شہید کی موت اس کا اصل زیور ہوتی ہے اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ثابت کیا کہ وہ موت کے خوف سے بے نیاز ہو کر مستقبل کی ہر جنگ کے لیے تیار ہیں۔





