کھاریاں میں انسدادِ گداگری سے متعلق آگاہی سیشن، کمیونٹی سطح پر مہم تیز کرنے کا عزم

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں سوشل ویلفیئر اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ دفتر تحصیل کھاریاں میں انسدادِ گداگری کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ نشست اوورسیز ویلفیئر سوسائٹی دھنی تحصیل کھاریاں اور ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کھاریاں کے عہدیداران کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں گداگری کے خاتمے اور معاشرتی سطح پر شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ تحصیل کھاریاں نے شرکاء کو گداگری کے خلاف قانونی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس برائی کے خاتمے کے لیے کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بچوں سے بھیک منگوانے کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے کردار اور اقدامات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر این جی اوز نے عزم ظاہر کیا کہ جاری مہم کے تحت جلد ہی گاؤں کے نمایاں مقامات پر انسدادِ گداگری سے متعلق آگاہی بینرز نصب کیے جائیں گے تاکہ عوام میں شعور بیدار کیا جا سکے۔

Exit mobile version