خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے 6 مئی کو صوبائی سطح پر ‘قلم چھوڑ ہڑتال’ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کی عدم ادائیگی اور بجلی و گیس کے وسائل میں صوبے کو نظر انداز کرنا وفاق کا دانستہ امتیازی سلوک ہے جسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ احتجاج کے دوران سرکاری امور معطل رہیں گے لیکن عوامی سہولت کے پیشِ نظر ایمرجنسی سروسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اسی دوران انہوں نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت اور جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ذاتی معالجین، وکلا اور اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر قانونی اور غیر انسانی اقدام ہے، جسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔
