ملک بھر میں 100 سے زائد پروازیں منسوخ؛ مسافروں کی کمی اور انتظامی مسائل بڑی وجہ قرار

ملک بھر کے مختلف ہوائی اڈوں پر انتظامی وجوہات اور مسافروں کی عدم دستیابی کے باعث فضائی سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ فلائٹ شیڈول کے مطابق مجموعی طور پر 100 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ان منسوخ ہونے والی پروازوں میں سب سے بڑی تعداد مشرقِ وسطیٰ کی ہے جہاں 84 بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ اندرونِ ملک سفر کے لیے شیڈول کی گئی 22 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ مزید برآں، صرف متحدہ عرب امارات کے لیے ملک بھر سے آپریٹ ہونے والی 54 پروازیں آج کے شیڈول سے نکال دی گئی ہیں۔ اگر شہروں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اسلام آباد ایئر پورٹ سے سب سے زیادہ 29 پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ لاہور سے 27 اور کراچی سے 24 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح ملتان سے 10، پشاور سے 8، سیالکوٹ اور فیصل آباد سے 4، 4 جبکہ اسکردو، سکھر اور کوئٹہ سے 2، 2 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ اندرونِ ملک روٹس پر بھی صورتحال بہتر نہیں ہے کیونکہ کراچی سے اسلام آباد کی 6 اور کراچی سے لاہور کی 4 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے سینکڑوں مسافروں کا سفری شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔

Exit mobile version