نائب قاصد کے بیٹے نے تاریخ رقم کر دی: حضرت بلال کی سی ایس ایس امتحان میں ملک بھر میں 18 ویں پوزیشن

بونیر: خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں ڈپٹی کمشنر آفس کے ایک نائب قاصد کے بیٹے نے اپنی محنت اور لگن سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ حضرت بلال نے سی ایس ایس 2025 کے مشکل ترین امتحان میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلی جبکہ پورے پاکستان میں 18 ویں پوزیشن حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔

حضرت بلال، جنہوں نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور سے بی ایس انگلش کی ڈگری حاصل کی ہے، ایک انتہائی متوسط گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد پیر محمد، جو ڈی سی آفس بونیر میں نائب قاصد کے طور پر کام کرتے ہیں، نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے نے وسائل کی کمی کے باوجود کبھی ہمت نہیں ہاری۔ پیر محمد کے مطابق حضرت بلال کا عزم اور مستقل مزاجی ہی انہیں اس مقام تک لے آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت بلال کی یہ کامیابی غریب اور متوسط طبقے کے ان تمام نوجوانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے جو محدود وسائل کی وجہ سے بڑے خواب دیکھنے سے کتراتے ہیں۔ اس شاندار کامیابی پر پورے علاقے میں جشن کا سماں ہے اور مختلف سماجی و سیاسی حلقوں کی جانب سے حضرت بلال اور ان کے خاندان کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

Exit mobile version