کراچی: پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بالاخر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جیتنے والے کپتانوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
بابر اعظم نے بطور کھلاڑی تو پہلے بھی دو بار ٹرافی اٹھائی تھی، لیکن بطور کپتان یہ ان کا پہلا ٹائٹل ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے لیے انہیں 5 سیزنز تک طویل انتظار کرنا پڑا؛ وہ 2022 میں کراچی کنگز جبکہ 2023 سے پشاور زلمی کی قیادت کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں شاہین آفریدی 3 ٹائٹلز کے ساتھ کامیاب ترین کپتان ہیں، جبکہ اب بابر اعظم بھی مصباح الحق، ڈیرن سیمی، سرفراز احمد، محمد رضوان اور شاداب خان جیسے فاتح کپتانوں کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔





