لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے اعزازات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم 588 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے، انہیں ‘گولڈن بیٹ’ اور ‘حنیف محمد کیپ’ سے نوازا گیا۔ ایونٹ کے سب سے بڑے اعزاز ‘پلیئر آف دی ٹورنامنٹ’ کے حقدار پشاور زلمی کے ہی نوجوان بولر سفیان مقیم ٹھہرے، جنہوں نے 22 وکٹیں حاصل کر کے ‘بہترین بولر’ کا اعزاز اور ‘فضل محمود کیپ’ بھی اپنے نام کی۔
دیگر اعزازات میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو بہترین آل راؤنڈر، جبکہ کوشال مینڈس کو بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔ پشاور زلمی کے فرحان یوسف بہترین فیلڈر اور حیدرآباد کنگزمین کے حنین شاہ ‘ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ’ قرار پائے۔ امپائرنگ کے شعبے میں آصف یعقوب کو بہترین امپائر کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم کو ‘اسپرٹ آف کرکٹ’ ایوارڈ سے نوازا گیا۔





