ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم سے) گوجرانوالہ ڈویژن میں حال ہی میں تعینات ہونے والے کمشنر محمد علی نے ڈنگہ کا انتہائی مختصر دورہ کیا۔ انہوں نے گجرات میں کافی وقت گزارا جبکہ تمام افسران ڈنگہ میں ان کا انتظار کرتے رہے۔ وہ گجرات روڈ سے گزر کر منڈی بہاؤالدین جاتے ہوئے محض 15 منٹ کے لئے بلدیہ ڈنگہ کے سامنے ماڈل دکانوں کا جائزہ لینے رکے جہاں اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل نے بیوٹی فیکیشن پراجیکٹ بارے انہیں مختصر بریفنگ دی۔ اس موقع پر تاجر غلام مرتضیٰ بھٹی نے ان سے کہا کہ دکانوں کے سامنے 3 فٹ شیڈ بالکل کم ہو گا کیونکہ اس سے نہ دھوپ رکے گی اور نہ بارش کو دکان میں داخل ہونے سے روکا جا سکے گا۔ آپ ہمیں 6 فٹ طویل فولڈنگ شیڈ لگانے کی اجازت دیں۔ اس پر انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں اسی طرح ہوا ہے۔ تا ہم اربن یونٹ کے نقشے میں کوشش کروں گا کہ شیڈ کو 6 فٹ تک کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے میڈیا کے سوال پر کہا کہ سڑک کی تعمیر دستیاب ذرائع کے مطابق تیزی سے کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد وہ منڈی بہاؤالدین چلے گئے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل کو بھی اپنے ساتھ بٹھا لیا اور ساتھ ہی لے گئے۔ وزٹ کے دوران چیف آفیسر بلدیہ ڈنگہ عرفان احمد گوندل‘ انجینئر اربن یونٹ رانا عمر فاروق‘ CPO ویسٹ مینجمنٹ رؤف وڑائچ کے علاوہ سب انجینئر ڈسٹرکٹ کونسل گجرات وسیم عباس‘ سینٹری انسپکٹر بلدیہ ڈنگہ ظہیر عباس‘ حمزہ سرور سہلوانہ کے علاوہ ہیڈ کلرک محمد اختر نواز اور بلڈنگ انسپکٹر فخر عباس جوئیہ بھی موجود تھے۔
کمشنر گوجرانوالہ محمد علی کا ڈنگہ کا مختصر دورہ، ماڈل دکانوں کے بیوٹی فیکیشن پراجیکٹ کا جائزہ
