لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی اور ثالثی کے موثر کردار کی بدولت دنیا میں ملک کا وقار بلند ہوا ہے اور لاکھوں انسانی جانوں کو بچایا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بلند ہوا ہے اور ہمارا ثالثی کردار امن کے قیام کے لیے کلیدی ثابت ہوا ہے۔
اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری امتِ مسلمہ کو وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت پر ناز ہے، اور آج عالمی سطح پر سبز پاسپورٹ کی عزت و تکریم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے اہم ثالثی کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں نہ صرف جنگ بندی ممکن ہوئی بلکہ اب بھی پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔
