کھاریاں کے قریب قیامت صغریٰ: تیز رفتاری اور اوور ٹیکنگ نے 3 نوجوانوں کی جان لے لی

کھاریاں: جی ٹی روڈ پر پنجن کسانہ کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثے نے تین گھروں کے چراغ گل کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق جنڈانوالہ سے تعلق رکھنے والے تین دوست محمد صائم ولد محمد اظہر، محمد سمیع ولد محمد آصف اور احمد ندیم ولد ڈاکٹر محمد ندیم موٹر سائیکل پر سوار کھاریاں کی جانب سے آ رہے تھے۔ پیرس ہوٹل کے قریب ایک گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کی دوسری جانب جا گری، جہاں مخالف سمت سے آنے والا آئل ٹینکر ان کے اوپر سے گزر گیا۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ تینوں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دلخراش منظر دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ اس المناک واقعے نے پورے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑا دی ہے۔ سماجی حلقوں نے نوجوانوں کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور تیز رفتاری سے بچنے کی سخت تلقین کریں۔

Exit mobile version