اکتوبر 29, 2026

یومِ مزدور پر اسلامک لائبریری عیدگاہ کھاریاں میں باوقار سیمینار: محنت کشوں کی عظمت کو سلام، حقوق کے تحفظ کا مطالبہ

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر اسلامک لائبریری عیدگاہ کھاریاں میں کھاریاں ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر چوہدری بشارت احمد ایڈووکیٹ کی زیرِ صدارت ایک پروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، وکلا، اساتذہ، صحافیوں اور سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی اور محنت کش طبقے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت صحافی میاں محمد طاہر رشید کے صاحبزادے ارحم احمد طاہر نے حاصل کی، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت جنید شہزاد بغدادی کو حاصل ہوئی۔ اس موقع پر مزدوروں کی عظمت کو سلام پیش کرنے کے لیے ملی نغمہ ’’جان دے میری زمین، پھول میرا وطن، میرے مزدور اس دور کے کوہِ کن‘‘ بھی پیش کیا گیا، جس نے حاضرین کے جذبات کو گرما دیا۔
مرکزی عیدگاہ کھاریاں کے خطیب علامہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ نوید اقبال آف بھگوال نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مزدور کی عظمت، اسلام میں محنت کی اہمیت اور معاشرتی انصاف پر روشنی ڈالی۔ معروف شخصیت لالہ محمد لطیف نے صوفی شاعر میاں محمد بخش رحمۃ اللہ علیہ کا صوفیانہ کلام پیش کر کے روحانی فضا کو مزید معطر کیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں چوہدری بشارت احمد ایڈووکیٹ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یومِ مزدور کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور شکاگو، امریکہ میں مزدوروں کی جدوجہد اور قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن دنیا بھر کے محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
سیمینار سے بار ایسوسی ایشن کھاریاں کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری نصراللہ ایڈووکیٹ، چوہدری مشتاق احمد دھنی، پروفیسر محمد ارشد، پروفیسر احمد، کھاریاں پریس کلب کے سابق صدر گل بخشالوی، چوہدری عرفان نصیر مرالہ (سابق تحصیل نائب ناظم) نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مزدوروں کے بنیادی حقوق، منصفانہ اجرت، محفوظ ماحول، سماجی تحفظ اور قانونی سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد محنت کش طبقے کی فلاح پر ہوتی ہے۔
تقریب میں جیرمیئن کھاریاں پریس کلب کے محمد اعجاز مرزا، الیون نیوز کے اینکر پرسن جنید ڈار، صوفی عظیم، چوہدری رشید، گل خان سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔ میڈیا کوریج کے لیے تنویر نقوی اور آفتاب نذر بٹ نے بھرپور نمائندگی کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں شہید ہونے والے مزدوروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور عالمی برادری، حکومتی اداروں، قومی و بین الاقوامی مزدور تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، بہتر اجرت، صحت و تعلیم کی سہولیات اور محفوظ کام کے ماحول کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کریں اور ان پر سختی سے عملدرآمد کروائیں۔
سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، ان کی عزت و وقار کی بحالی اور معاشرتی انصاف کے قیام کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی، کیونکہ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرہ اسی وقت ممکن ہے جب محنت کش طبقہ بااختیار اور باوقار ہو۔