اکتوبر 29, 2026

گجرات پولیس میں کمان کی تبدیلی: رانا عمر فاروق نے نئے ڈی پی او اختر فاروق کو کمانڈ سٹک سونپ دی

گجرات(مرزا محمد طفیل) پولیس لائنز گجرات میں ضلعی پولیس کی کمانڈ سٹک حوالگی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سبکدوش ہونے والے ڈی پی او رانا عمر فاروق نے نئے تعینات ہونے والے ڈی پی او اختر فاروق کو ضلع کی کمانڈ سونپ دی۔ تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر حاضری، پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی سے ہوا، جس کے بعد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے افسران کو سلامی پیش کی۔

تقریب میں ایس پی انویسٹی گیشن ریاض ناز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر رانا عمر فاروق کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اپنے الوداعی خطاب میں رانا عمر فاروق کا کہنا تھا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ ملازمت کا حصہ ہے، تاہم گجرات پولیس کی کمانڈ کرنا ان کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہے گا۔ نئے ڈی پی او اختر فاروق کا تمام افسران سے تعارف کرایا گیا اور انہیں خوش آمدید کہا گیا۔