کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کیجانب سے اسٹاف کالج لاہور سے ایک سو بیس واں مینجمنٹ کورس مکمل کرنے پر ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کراچی ارم تنویر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد خان اور گورننگ باڈی کے اراکین نے شرکت کی۔ ڈی جی پی آئی ڈی ارم تنویر نے کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب کی ایک تاریخی حیثیت ہے، آزادی صحافت اور میڈیا ورکرز کے حقوق کیلئے کراچی پریس کلب کے کردار کو ہر دور میں سراہا جاتا ہے آجکی یہ تقریب میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ہمیں کراچی پریس کلب اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا علم ہے اور ہمیشہ ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ میڈیا ورکرز کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور وفاقی وزارت اطلاعات اور صحافی برادری کے درمیان رابطوں کو بہتر سے بہتر بنائیں، اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد خان نے ڈی جی پی آئی ڈی ارم تنویر کو مینجمنٹ کورس مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ

قابل افسران ہی ملک و قوم و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں، کراچی کے صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے میں پی آئی ڈی موثر کردار ادا کررہا ہے، وفاقی وزارت اطلاعات کو کراچی کے صحافیوں کیلئے خصوصی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ صحافیوں کیلئے وزیراعظم ہیلتھ کارڈ اسکیم وفاقی حکومت کا اچھا قدم ہے لیکن بہت سے صحافی رجسٹریشن کے عمل سے محروم رہ گئے ہیں ان کی سہولت کیلئے رجسٹریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کرنا چاہئے تاکہ بقیہ صحافی بھی اس سہولت سے مستفید ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ اخباری کارکنوں کے واجبات کیلئے آئی ٹی این ای کی کارکردگی مناسب ہے تاہم وفاقی سطح پر الیکٹرانک میڈیا کے ورکرز کے واجبات اور برطرفیوں کے حوالے سے پیمرا قوانین میں ترمیم اور کونسل آف کمپلینٹس کے دائرے کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے، پروگرام کے اختتام پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد خان اور ممبر گورننگ باڈی مونا صدیقی نے ڈی جی پی آئی ڈی ارم تنویر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔






