جدہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا ایک اہم اور ہنگامی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ اجلاس ایک ایسے نازک وقت میں ہوا ہے جب گزشتہ دو ماہ سے ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ نے خلیجی ممالک کو براہِ راست شدید کشیدگی سے دوچار کر رکھا ہے۔ حالیہ تنازع کے آغاز کے بعد یہ خلیجی رہنماؤں کی پہلی براہِ راست ملاقات تھی۔
اجلاس میں بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، کویت کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید سمیت دیگر وفود کے سربراہان نے شرکت کی۔ عرب میڈیا کے مطابق، اجلاس کا محور مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تیار کرنا تھا۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق، اس ملاقات کا ایک بنیادی مقصد ایران کی جانب سے کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں مشترکہ دفاعی لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔
