پاکستان میں آر ایل این جی (RLNG) کی آمد میں تعطل کے باعث گیس کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ سوئی ناردرن کے ذرائع کے مطابق، گیس کے موجودہ ذخائر میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں پاور اور کھاد کے شعبوں کو گیس کی فراہمی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ گیس کی قلت کا اثر اب گھریلو صارفین پر بھی پڑنے لگا ہے اور کئی علاقوں میں سپلائی میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، گیس کی یومیہ سپلائی جو کہ ماضی میں 1200 ملین کیوبک فٹ تھی، اب کم ہو کر صرف 700 ملین کیوبک فٹ رہ گئی ہے، جبکہ مجموعی شارٹ فال 600 ملین کیوبک فٹ سے تجاوز کر چکا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سپلائی میں یہ بڑی کمی بین الاقوامی حالات کے باعث پیدا ہونے والے تعطل کا نتیجہ ہے۔ دوسری جانب، سوئی گیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان تمام تر چیلنجز کے باوجود گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے تینوں اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔




