اپریل 29, 2026

عالمی تیل کی منڈی میں بڑا دھماکہ: متحدہ عرب امارات کا اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا اعلان

ابوظبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی عالمی تنظیم ‘اوپیک’ اور ‘اوپیک پلس’ سے باضابطہ علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم مئی 2026 سے ہوگا۔ اماراتی حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد تیل کی فروخت اور پیداواری پالیسی میں مکمل خود مختاری حاصل کرنا ہے۔ یہ اہم پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی عدم استحکام کا شکار ہے، آبنائے ہرمز عملی طور پر بند ہو چکی ہے اور خام تیل کی قیمتیں 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان پیداواری حدود کے معاملے پر طویل عرصے سے اختلافات چل رہے تھے۔ اوپیک پلس کے تحت امارات کی پیداوار 30 لاکھ بیرل یومیہ تک محدود تھی، جبکہ اس کی صلاحیت 40 لاکھ بیرل سے زائد ہے اور وہ 2027 تک اسے 50 لاکھ بیرل تک لے جانا چاہتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ قلیل مدت میں آبنائے ہرمز کے بحران کی وجہ سے برآمدات محدود رہ سکتی ہیں، تاہم طویل مدت میں امارات جیسے بڑے رکن کا الگ ہونا عالمی منڈی اور قیمتوں کے تعین پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔