گوجرانوالہ (پریس ریلیز) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں جاری "انوویٹرز کیمپ 26” کے سلسلے میں گوجرانوالہ وسطی میں ایک پروقار تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کا مقصد طلبہ کی فکری و نظریاتی تربیت اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔ کیمپ میں صدر ایم ایس ایم سینٹرل پنجاب چوہدری ذیشان یوسف اور صدر ایم ایس ایم جنوبی پنجاب شوکت علی مغل نے بطور ٹرینر خصوصی شرکت کی اور طلبہ کو مختلف تنظیمی و فکری امور پر لیکچرز دیے۔
تربیتی نشستوں کے دوران طلبہ کو خدمتِ دین کی توفیق، احساسِ ذمہ داری، اوصافِ قیادت، دعوت کی ضرورت و اہمیت اور فکرِ تحریک جیسے اہم موضوعات پر جامع ٹریننگ دی گئی۔ طلبہ کی عملی تربیت کے لیے فنِ خطابت کی مشقیں بھی کروائی گئیں تاکہ ان میں خود اعتمادی پیدا ہو سکے۔ اس موقع پر سابق صدر ایم ایس ایم لاہور راؤ تاثیر احمد، ڈویژنل صدر گوجرانوالہ طلحہ جمیل، صدر وسطی گوجرانوالہ محمد عمر نصیر اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مقررین نے زور دیا کہ طلبہ ہی ملک و قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی درست سمت میں تربیت ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔
