وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی دفاعی طاقت ثابت کر دی ہے اور پاکستانی قوم اپنی عزت و وقار پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل کاکول میں وزیراعظم نے پہلگام واقعے پر پاکستان کا جو دوٹوک مؤقف پیش کیا، وہ سفارتی محاذ پر اہم ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا مؤثر جواب دیا، جبکہ وزیراعظم نے اس واقعے کو المیہ قرار دیتے ہوئے بلیم گیم ختم کرنے اور شفاف و غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔ عطا تارڑ کے مطابق پاکستان کے اس مطالبے نے بھارت کو عالمی سطح پر بیک فٹ پر دھکیل دیا اور کئی ممالک نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔
وزیر اطلاعات نے بھارت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردی کے واقعات پر افسوس نہیں کرتا بلکہ اسے فروغ دیتا ہے؛ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسے گروہوں کے تانے بانے براہِ راست بھارت سے ملتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں ملک کا بھرپور دفاع کیا گیا ہے۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے خطاب نے عالمی سطح پر پاکستان کا اعتماد بحال کیا ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کا مورال بلند ہوا ہے، جبکہ بھارت کا من گھڑت بیانیہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ کاکول میں وزیراعظم کا خطاب تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
