’آج کچھ گولیاں چلیں گی‘: وائٹ ہاؤس ترجمان کا ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں فائرنگ سے قبل دیا گیا بیان وائرل

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کے سالانہ عشائیے کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے نے نیا موڑ اختیار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، تقریب کے آغاز سے چند منٹ قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کی صحافیوں سے گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تقریب کے دوران ’کچھ گولیاں چلیں گی‘۔ دراصل ریڈ کارپٹ پر جب ان سے صدر ٹرمپ کی متوقع تقریر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے صدر کے جارحانہ اور طنزیہ اندازِ بیان کی وضاحت کے لیے استعاراً یہ الفاظ استعمال کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ”آج کی تقریر کلاسک ڈونلڈ ٹرمپ تقریر ہوگی جو مزاحیہ اور دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں کچھ ’گولیاں‘ بھی چلیں گی، یہ بہت زبردست ہونے والا ہے۔“

تاہم، ان الفاظ کے کچھ ہی دیر بعد صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب مرکزی ہال کے باہر سکیورٹی چیک پوائنٹ کے قریب اچانک فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ اگرچہ ترجمان کے الفاظ صدر کی تقریر کے کاٹنے دار جملوں کے لیے تھے، لیکن فائرنگ کے حقیقی واقعے نے ان الفاظ کو مشکوک اور توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ واقعے کے فوری بعد انٹرنیٹ صارفین اور تجزیہ نگاروں کی جانب سے ان الفاظ کی ٹائمنگ پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے اور یہ ویڈیو کلپ بڑے پیمانے پر گردش کر رہا ہے۔

Exit mobile version