اپریل 27, 2026

پنجاب بھر میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں توسیع، محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

حکومتِ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب یہ پابندی 25 مئی 2026 تک برقرار رہے گی، جس کا مقصد عوامی تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کھلی فضا یا آؤٹ ڈور مقامات پر ڈرون کا استعمال مکمل ممنوع ہوگا، تاہم شادی ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ ان ڈور تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ منتظمین پر عائد ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے مزید واضح کیا ہے کہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے ڈرون استعمال کر سکیں گے۔