اپریل 27, 2026

راولپنڈی: ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن کا مشاورتی اجلاس، پنجاب بھر میں تنظیم سازی تیز کرنے کا فیصلہ

جہلم (محمد زاہد خورشید) ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن (HDF) کے زیرِ اہتمام صوبہ پنجاب میں تنظیم کو فعال بنانے کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہومیوپیتھی کے فروغ اور تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اہم بیٹھک مورخہ 24 اپریل 2026 کو راولپنڈی کے شایان ہومیوپیتھک کلینک میں منعقد ہوئی جس کی صدارت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد رمضان جنجوعہ نے کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے صوبائی سطح پر ڈاکٹرز کے مسائل اور ہومیوپیتھک طریقہ علاج کی ترویج کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

میزبانِ تقریب ڈاکٹر انوار الحق ستی (صدر پنجاب) نے شرکاء کو تنظیم کی حالیہ کارکردگی پر بریفنگ دی، جبکہ مرکزی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فدا حسین اور نائب صدر پنجاب ڈاکٹر نصیر احمد نقیبی نے مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈاکٹر کاشف محمود ستی، ڈاکٹر واصف حسین ، ڈاکٹر ساجد الرحمن اور ڈاکٹر محمد وسیم ستی نے بھی شرکت کی اور تنظیم کی فعالیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔