کھیلوں کی دنیا میں ایک ایسا کارنامہ سر انجام دے دیا گیا ہے جس کا انتظار دہائیوں سے کیا جا رہا تھا۔ 46 ویں لندن میراتھون میں انسانی ہمت اور رفتار کی نئی تاریخ رقم ہو گئی، جہاں تاریخ میں پہلی بار دو ایتھلیٹس نے آفیشل میراتھون کا فاصلہ 2 گھنٹے سے کم وقت میں طے کر لیا۔ کینیا کے سباسٹین ساوے نے مقررہ فاصلہ محض 1 گھنٹہ 59 منٹ اور 30 سیکنڈز میں مکمل کر کے نیا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ایتھیوپیا کے یومیف کجیلچا نے بھی یہ سنگِ میل عبور کیا اور 1 گھنٹہ 59 منٹ 41 سیکنڈز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس سے قبل آفیشل ورلڈ ریکارڈ کینیا کے کیلون کپٹن کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 کی شکاگو میراتھون میں 2 گھنٹے 35 سیکنڈز کا وقت ریکارڈ کروایا تھا۔ اگرچہ ماضی میں الیوڈ کپکوجی ایک غیر سرکاری دوڑ میں دو گھنٹے سے کم وقت نکال چکے تھے، تاہم ساوے اور کجیلچا کی اس کارکردگی نے آفیشل مقابلوں میں انسانی صلاحیتوں کے نئے افق روشن کر دیے ہیں۔




