پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، منڈی بہاءالدین اور پھالیہ میں 2 کھویا یونٹس سیل، نمونہ جات مضرِ صحت ثابت

منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے )  ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی خصوصی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے منڈی بہاءالدین اور پھالیہ میں گھیرا تنگ کرتے ہوئے دو بڑے کھویا یونٹس کو سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زیرِ نگرانی عمل میں لائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گزشتہ دنوں ان یونٹس سے کھویا کے نمونہ جات حاصل کر کے ٹیسٹ کے لیے لاہور لیبارٹری بھجوائے تھے۔ لیبارٹری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ دونوں یونٹس کا کھویا غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک اجزاء پر مشتمل تھا۔ رپورٹ موصول ہوتے ہی ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دونوں یونٹس کو سیل کر کے ہر قسم کی پیداوار روک دی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ادارہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کے لیے کوئی رعایت نہیں ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہریوں کو خالص اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Exit mobile version