جہلم (محمد زاہد خورشید ) ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ان کی ٹیم نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث خطرناک "کامران عرف کامی گینگ” کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ سوہاوہ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے دھر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ مال مسروقہ فروخت کر کے حاصل کی گئی 40 ہزار روپے نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ (پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن) بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے عزم دہرایا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
