گجرات؛ عطائیت کے خلاف محکمہ صحت کا کریک ڈاؤن، مستند ڈاکٹر کے نام کا ناجائز استعمال کرنے والا کلینک سیل

گجرات: ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان نعیم نے گجرات اور گردونواح میں عطائیت کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے تحت مختلف کلینکس کا اچانک معائنہ کیا۔ اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو غیر مستند افراد سے بچانا اور طبی سہولیات کے معیار کو یقینی بنانا ہے۔

کارروائی کے دوران چک سادہ میں واقع "اناس کلینک” کا دورہ کیا گیا، جہاں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ کلینک پر ایک مستند ڈاکٹر کے نام کا بورڈ آویزاں تھا، جبکہ حقیقت میں مذکورہ ڈاکٹر اس وقت "ڈھلن والا” میں پریکٹس کر رہا تھا۔ اس طرح کلینک پر ایک مستند ڈاکٹر کے نام کا ناجائز استعمال کر کے غیر قانونی طور پر ایلوپیتھک علاج (پریکٹس) کی جا رہی تھی۔

ڈاکٹر عثمان نعیم نے موقع پر تمام شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کلینک کو فوری طور پر سیل کر دیا اور کیس مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کو بھجوا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر ایک کلینک کا معائنہ کیا گیا جسے قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ عطائیت کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

Exit mobile version