لالہ موسیٰ پولیس کی بڑی کامیابی؛ 2 خواتین سمیت 3 رکنی ‘رضی گینگ’ گرفتار، 18 لاکھ سے زائد کا مالِ مسروقہ برآمد

لالہ موسیٰ (مرزا محمد طفیل) ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کے سخت احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے تھانہ صدر لالہ موسیٰ پولیس نے چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث خطرناک "رضی گینگ” کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کے سرغنہ کے ساتھ دو خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 18 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، لالہ موسیٰ اور گردونواح کے علاقوں میں مویشی، موٹر سائیکل اور رکشہ چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیشِ نظر ڈی ایس پی لالہ موسیٰ احسان ظفر سندھو کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ صدر لالہ موسیٰ اور دیگر افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ پولیس ٹیم نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے گینگ کے تین ارکان کو دھر لیا۔ گرفتار ملزمان میں علی رضا (ساکن شاہین چوک گجرات)، منور بی بی اور شازیہ بی بی (سکنائے گوجرانوالہ) شامل ہیں۔

دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ گینگ کی خواتین دن کے وقت دیہاتی ڈیروں اور گلی محلوں کی ریکی (جائزہ) کرتی تھیں اور موقع ملتے ہی رات کے اندھیرے میں اپنے سرغنہ کے ساتھ مل کر واردات انجام دیتی تھیں۔ پولیس نے ملزمان سے اڑھائی لاکھ روپے نقدی، 2 بھینسیں، 12 بھیڑ بکریاں، 2 بکرے، ایک لوڈر رکشہ، ایک موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور پسٹل برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔

Exit mobile version