اپریل 26, 2026

دورہ پاکستان نہایت سود مند رہا، خطے میں امن کے لیے اسلام آباد کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں؛ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے حالیہ دورے کو "انتہائی سود مند” قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ اسلام آباد سے عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے ایک قابلِ عمل فریم ورک پیش کر دیا ہے، اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا امریکہ واقعی سفارت کاری میں سنجیدہ ہے یا نہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران اپنے خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پاکستان کی برادرانہ کوششوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ واضح رہے کہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ اہم ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے اپنی پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (MI) بھی شریک تھے۔

بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی وفد کی سطح پر ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ان ملاقاتوں میں نہ صرف خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے بلکہ پاک ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے اور معاشی و دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ عباس عراقچی کے مطابق، ایران خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستے اپنانے پر یقین رکھتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔