خیبر میں سکیورٹی فورسز کا بڑا ایکشن: انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 22 خوارج ہلاک

​راولپنڈی میں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ہے جس کے نتیجے میں 22 خوارج ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ آپریشن 21 اپریل کو خفیہ اطلاع پر کیا گیا تھا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تمام دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتاری کے خوف سے بزدل خوارج نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر ایک 10 سالہ معصوم بچہ جامِ شہادت نوش کر گیا۔ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں دہشتگردی کی متعدد سنگین کارروائیوں میں ملوث تھے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر شرپسندوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مکمل طور پر بحال رکھا جا سکے۔

Exit mobile version