کھاریاں: اوورسیز اکیڈمی کے طالب علم پر سرِ عام بہیمانہ تشدد، والدین اور شہریوں کا شدید احتجاج، فوری ایکشن کا مطالبہ

کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں اور گرد و نواح میں طلبہ کے ساتھ پیش آنے والے تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حال ہی میں اوورسیز اکیڈمی کھاریاں سے امتحان دے کر واپس گھر جانے والے ایک نہتے طالب علم کو راستے میں ایک گروہ نے روک کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں عدم تحفظ کی فضا مزید سنگین ہو گئی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ طلبہ میں پائے جانے والے خوف کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے بیوروچیف کے توسط سے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان جرائم پیشہ عناصر کی فوری شناخت کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منظم گروہوں کے خلاف سی سی ڈی اور پولیس کے ذریعے کریک ڈاؤن کیا جائے، تعلیمی اداروں کے اطراف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور پولیس گشت کے نظام کو مؤثر بنا کر طلبہ کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

Exit mobile version